متعدد وفاقی وزرا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مخالف ہیں ، فواد کا انکشاف

  • November 11, 2019, 3:57 pm
  • Political News
  • 63 Views

اسلام آباد : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ متعدد وفاقی وزرا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مخالف ہیں اور میری بھی ذاتی رائے یہی ہے کہ نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری کابینہ کو موصول نہیں ہوئی ، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے کابینہ کی منظوری درکار ہے، ابھی تک ایسی سمری کابینہ کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ متعدد وفاقی وزرا نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے ، میری ذاتی رائے یہی ہے کہ نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے سب کا حامی ہونا مشکل ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا نوازشریف اتنے مصروف رہے کہ اپنے علاج کے لئے ایک اسپتال بھی نہ بنا سکے، ن لیگ کا بیانیہ ہے نواز شریف کو باہر بھیجا جائے، ن لیگ ایسا اسپتال نہیں بنا سکی، جس میں نوازشریف کا علاج ہوسکے۔

خیال رہے نوازشریف کا نام تاحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود ہے، جس کے باعث سابق وزیرِاعظم کی لندن روانگی منسوخ ہوگئی، انھوں نے قطرائیرلائن کی پرواز میں سیٹیں بک کرائی تھیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے کا انتظار ہے، نام نکلنے کے فوری بعد نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کیا جائے گا۔