وزیراعظم بڑے دل کا مظاہرہ کریں اور نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالیں، چوہدری شجاعت

  • November 11, 2019, 10:48 pm
  • Breaking News
  • 128 Views

لاہور : سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے جانے کو گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کا فیصلہ کیا جائے۔

سربراہ مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کچھ ہوا تو سیاست مزید تلخ ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہوسکے، نواز شریف کے جانے کو گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے۔

چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، وزیر اعظم پاکستان اور کابینہ بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔

خیال رہے کہ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، ان کی علالت سے متعلق ڈاکٹرز کی تشویش ہر لمحہ بڑھ رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لیے بدھ کو کمرشل فلائٹ قطر ایئر کی کیو آر 629 میں بھی ٹکٹ بک کرلی گئی ہے، نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان کی بھی ٹکٹیں بک ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمرشل فلائٹ کے نئے ٹکٹ کے تحت نواز شریف کی واپسی 27 نومبر کو ہوگی۔