ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور صوبے میں یکساں ترقی کو یقینی بنارہے ہیں، جام کمال

  • November 12, 2019, 12:07 pm
  • National News
  • 79 Views

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی تاکہ صوبے بھر میں ترقی کا عمل یکساں طور پر جاری رہے۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی محکموں کی محکمانہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبائی وزراء حاجی نورمحمد دمڑ، حاجی محمد خان لہڑی، میر نصیب اللہ مری،پارلیمانی سیکریٹری کیو ڈی اے بشریٰ رند، اراکین صوبائی اسمبلی لالا رشید بلوچ، دھنیش کمار، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


اجلاس میں صوبائی محکموں زراعت، ماحولیات، کھیل، تعلیم، صحت، اربن پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، توانائی، پی ایچ ای، ماہی گیری، محنت وافرادی قوت، جنگلات، مذہبی امور، اقلیتی امور اور محکمہ بلدیات کے رواں مالی سال 2019-20ء کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوتی تو مسائل جنم لیتے ہیں، جب میکنزم احسن انداز سے چلایا نہیں جاتا تو اس کے منفی اثرات پور نظام پر پڑھتے ہیں، ہمیں ایک ایسی پالیسی مرتب کرنی ہے جو ایک فعال اور موثر نظام کو یقینی بنائے تاکہ ایک مثبت اور تعمیری معاشرے کی تشکیل ہوسکے۔


محکمہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق دی جانے والی بریفنگ میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن بنیادی مراکز کو جدید خطوط پر استوار کرنا، نرسنگ اسکول کی تعمیر اور بلوچستان بھر کے ہسپتالوں کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیومن ریسورس کو بہتر بنانا ہوگا جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ مجموعی طور پر ایک نمایاں تبدیلی اور بہتری آئے گی، محکمہ تعلیم کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر دی جانے والی بریفنگ سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کی موثر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جہاں اسکولوں کی ضرورت ہے وہاں اسکول تعمیر کئے جائیں۔


اس ضمن میں اضلاع میں چار پرائمری، دو مڈل اور ہائی اسکولوں کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ اسکولوں میں سائنس لیبارٹریوں سے طلباء اور طالبات کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا، محکمہ زراعت کے نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق دی جانے والی بریفنگ پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پیداوار کو بڑھانے کے لئے گرین ٹریکٹر ترقیاتی منصوبے سے زرعی شعبہ سے وابستہ افراد مستفید ہوسکیں گے۔


محکمہ کھیل کے نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر کے اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں گے اور مجموعی طور پر نوجوانوں میں تعمیری اور مثبت سوچ کو فروغ ملے گا۔


وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم، صحت، توانائی، جنگلات، ماہی گیری، پی ایچ ای، محنت وافرادی قوت، بلدیات، مذہبی اور اقلیتی امور اور محکمہ یوپی اینڈ ڈی میں نئے ترقیاتی منصوبوں کی ہر طرح سے باقاعدہ مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمانہ ترقیاتی منصوبے جو سست روی کا شکار ہیں ان ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ضروری امور کو بھی جلد حتمی شکل دی جائے گی۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ ان محکموں کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جنہیں ماضی میں نظرانداز کیا گیا، صوبائی محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کو صحیح معنوں میں بروئے کار لایا جائے گا تاکہ خاطر خواہ نتائج کا حصول ممکن ہوسکے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں گورننس کو بہتر بنانا ہے اور غلط پالیسیوں کے باعث جنم لینے والے مسائل کو بطریق احسن حل کرنا ہے تاکہ ایک موثر نظام کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے جس کے ثمرات سے عوام حقیقی معنوں میں مستفید ہوسکیں۔دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2019-20ء کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبے میں ترقی کا عمل تیز ہوگا اور مجموعی طور پر ایک بہتر تبدیلی آئے گی۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے رواں مالی سال 2019-20ء کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور پیشرفت سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں کل 1781نئے اور 665جاری ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جبکہ اس ضمن میں تمام دیگر ضروری امور سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں یکساں طور پر ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے گا جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے اور ترقی کے اس سفر کو موثر انداز سے آگے بڑھایا جائے گا۔


وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو ہدایت کی کہ وہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی از خود بھی مانیٹرنگ کرتے ہوئے تمام ضروری امور کا جائزہ لے اور اس حوالے سے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات دیگر محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے رہنمائی بھی کرے۔


وزیراعلیٰ نے کوئٹہ شہر میں جاری سڑکوں کی تعمیر پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور اس ضمن میں تمام امور کو بروقت نمٹانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سڑکوں کا جال بچھا یا جارہا ہے جس سے عوام میں باہمی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی میسر ہونگے۔


اس کے ساتھ ساتھ تربت۔پسنی سڑک کی تعمیر جلد شروع کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے اور اس سے متعلق دیگر امور کو جلد حتمی شکل دینے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے متعلقہ تمام امور بطریق احسن حل کیا جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار نہ ہوں اور ان کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔