بچوں کیساتھ زیادتی کی ویڈیوز چلانے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار

  • November 12, 2019, 3:05 pm
  • National News
  • 230 Views

راولپنڈی پولیس نے کارروائی کے دوران بچوں سے زیادتی کی براہ راست ویڈیوز نشر کرنے والے بین الاقوامی ڈارک ویب کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔

سی پی او راولپنڈی فیصل رانا کے مطابق بچوں سے زیادتی کے دوران لائیو ویڈیو چلانے والا انٹرنیشنل ڈارک ویب کا سرغنہ سہیل ایاز گرفتار کر لیا گیا ہے، ایک بچے سے بدفعلی کی اطلاع پر اس کی گرفتاری عمل میں آئی اور دوران تفتیش ملزم سہیل ایاز نے مزید انکشافات کیے ہیں، سہیل ایاز اس مکروہ کام کا عادی مجرم ہے اور بیرون ملک سزا بھی کاٹ چکا ہے۔

پولیس کے مطابق سہیل ایاز برطانیہ میں بین الاقوامی شہرت کے حامل فلاحی ادارے میں بھی ملازمت کرچکا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مجرم سہیل پاکستان میں 30 بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کا اعتراف کر چکا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں وارداتوں کی مدعی خود پولیس نے بننے کا فیصلہ کیا ہے، مجرم سے بچوں کی برہنہ ویڈیوز اورتصاویر بر آمد کرنے کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کیا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی فیصل رانا نے مزید بتایا کہ سہیل ایازعرف علی کو برطانوی حکومت نے ڈی پورٹ کیا تھا اور وہ بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کے جرم میں برطانوی جیل میں سزا کاٹ چکا ہے، اس نے برطانیہ میں بچوں کے تحفظ کے ادارے میں ملازمت کی اور وہاں یہ مکروہ دھندہ شروع کیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق مجرم سہیل اٹلی میں بھی بچوں کے ساتھ زیادتی کے مقدمات میں عدالتی مقدمہ بھگت چکا ہے اور اسے اٹلی سے بھی ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان واپس آکر اس نے تھانہ راوت کے علاقہ میں رہائش اختیار کی جہاں اس نے متعدد بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا، حال ہی میں ایک محنت کش کے بچے سے بدفعلی اور ویڈیو بنانے کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔