’سینتھیٹک نشہ ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک‘

  • November 14, 2019, 2:03 pm
  • National News
  • 52 Views

وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے سینتھیٹک نشے کو ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے پاکستان کو ڈرگ سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے منشیات کے خلاف وہ جہاد کیا جس کی مثال پوری دنیا دیتی ہے، انسداد منشیات فورس کی کارکردگی مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے کیوں منشیات کے خلاف اقدامات نہیں اٹھائے؟ پولیس کے اسپتالوں میں ری ہیب سینٹر بنانے پر کسی نے توجہ نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں مختلف قسم کی منشیات مل رہی ہوتی ہے، منشیات کے ناسور کو سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار سمجھا جاتا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کے کسی بڑے اسکول میں یوتھ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، انہیں منشیات کون سپلائی کر رہا ہے؟ آج والدین کو یہ نہیں پتا کہ سینٹیتھک ڈرگز کیا ہے، اس حوالے سے ہم قانون سازی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ گھر گھر جاؤ اور سب کو بتاؤ کہ ایٹم بم سے زیادہ خطرناک سینتھیٹک ڈرگز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبرستانوں میں، پلوں کے نیچے لوگ نشے میں ہوتے ہیں، کیا یہ ہماری اولادیں نہیں ہیں؟ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ اے این ایف کے جوانوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے جانوں کی قربانیاں بھی دی ہیں، منشیات کے کاروبار میں بڑے بڑے مگر مچھ ملوث ہیں، منشیات کے کاروبار میں کوئی بھی ملوث ہو، نشان عبرت بنائیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف آگاہی مہم شروع کر دی ہے، ہم گھر گھر، اسکول، یونیورسٹی جا رہے ہیں اور آگہی دے رہے ہیں، سب منشیات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ جو ہماری نسل کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، ملک میں ان کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، چاہےکوئی جتنا بھی بڑا آدمی ہو، منشیات کے کیس میں معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کی بہتر پروش کے لیے دو دو نوکریاں کر رہے ہیں لیکن بچوں کو وقت نہیں دے رہے، آج یہ سینتھیٹک ڈرگز ہر گھر پر دستک دی رہی ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ جب قوم کے حکمران سوتے رہتے ہیں تو قوموں کے جنازے نکلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اینٹلیجنس ڈیٹا تیار کیا ہے جس میں دنیا بھر میں منشیات کیسوں میں سزا یافتہ افراد کی معلومات ہیں۔

ان کا کہنا ہے ڈرگ فری پاکستان کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم نے سی پیک کے پورے روٹ کو ڈرگ فری بنانا ہے، سی پیک روٹ پر اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی کو نصب کریں گے۔