کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہوگی: پاکستان کا دو ٹوک مؤقف

  • November 14, 2019, 2:04 pm
  • National News
  • 64 Views

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن کےحوالے سے تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے اور اس معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر پر ہمارے مؤقف میں رتی برابر کمی نہیں آئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 103 دنوں سے کرفیو نافذ ہے، وادی میں عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کی اجازت نہیں دی گئی، وادی میں بھارت مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔

کلبھوشن سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کےحوالے سے تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے اور معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہوگی، کلبھوشن پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا اطلاق پاکستانی قوانین کے مطابق ہوگا۔

دفتر خارجہ میں ویڈیو سے متعلق سوال پر ڈاکٹر فیصل نے بتایاکہ حریم شاہ کے معاملے پر تحقیقات ہو رہی ہیں، آئندہ آیندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔