مولانا کے دھرنا ختم کرنے کی وجہ سامنے آ گئی

  • November 14, 2019, 2:18 pm
  • National News
  • 134 Views

لاہور (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ہی افواہوں کا بازار بھی سرگرم ہو گیا ہے۔اسی حوالے سے قومی اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گومولانا فضل الرحمن کے دھرنے کے شرکاء کی تعداد عمران خان کے 2014ء والے دھرنے سے بہت زیادہ تھی۔
اس کے باوجود محض 13 دن دھرنے کی تھکاوٹ نے مولانا کی سیاست پر کئی سوالات کھڑے کر دئیے۔بعض حلقوں نے مولانا کے دھرنے کے خاتمے کو بھی ایک ڈیل قرار دے دیا۔جس میں ساز باز کے تحت دھرنا ختم کرنے کا منصوبہ دیا گیا۔اسی منصوبے کے تحت مولانا نے اپنی فیس سیونگ کی کہ وہ اب اسلام آباد کے بجائے دور دراز علاقوں میں شاہراہیں بند کرنے کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
جے یو آئی ایف کے ذرائع کے مطابق دھرنے کے خاتمے میں مولانا فضل الرحمن کے قریبی سیاسی رفقا کے بے وفائی بھی شامل ہے۔جنہوں نے مولانا کو اسلام آباد لا کر تنہا چھوڑ دیا اور پھر ہر گزرتےے دن کے ساتھ مولانا دلبرداشتہ ہوتے گئے اور آخرکار دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ذرائع کے مطابق مولانا پہلی مرتبہ اسلام آباد آزادی مارچ کے مستقبل کے حوالے سے ہم خیال جماعتوں کی رہبر کمیٹی تشکیل دینے کے باوجود مذکورہ کمیٹی سے کوئی خاطر خواہ نتائج حاصل نہ کر سکے۔
مولانا فضل الرحمن کی طرف سے پہلے دھرنے کے حوالے سے رہبر کمیٹی کو فیصلے کا مینڈیٹ دیا گیا تاہم مولانا نے بدھ کی شام کنٹینرپر رہبر کمیٹی کے ممبزر کو دعوت دئیے بغیر ہی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا جو ان کی سیاسی تنہائی کی ایک زندہ مثال ہے۔واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گذشتہ روز اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا جو کہ دو ہفتے سے اسلام آباد میں جاری تھا۔