حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا

  • November 14, 2019, 10:15 pm
  • Entertainment News
  • 216 Views

کراچی: پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بذریعہ ویڈیو اعلان کیا کہ میں 10 سال کے عرصے سے خدا اور موت کے بعد جیسی چیزوں پر تحقیق کررہا تھا اور اس دوران جو باتیں سامنے آئیں اب وہ مداحوں کے ساتھ شیئر کروں گا۔

حمزہ علی عباسی نے ویڈیو کے آغاز پر سب سے پہلے رب اور پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ماضی کی زندگی کے بارے میں کچھ بتایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں شوبز انڈسٹری کو اس وجہ سے نہیں چھوڑ رہا کہ اداکاری حرام ہے، مجھے تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام میں صرف بدکاری حرام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں اور اب اپنی بقیہ زندگی اسلام کے مطابق گزاروں گا، ساتھ ہی اپنے مداحوں کو بھی رب اور اسلام کے حوالے سے آگاہی دوں گا۔ حمزہ علی عباسی نے وضاحت کی کہ میں کنارہ کشی مشہوری کے لیے نہیں بلکہ غیرمعیاری کام کی وجہ سے کررہا ہوں، مستقبل میں آپ خود میری بنائی فلمیں اور ڈرامے دیکھیں گے۔

حمزہ علی عباسی نے ویڈیو میں سیاست چھوڑنے کا عندیہ بھی دیا اور مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز شیئر کرتے رہیں گے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس کے بعد مختلف چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں اور ساتھ ہی اُن کے مداح بھی تذبذب کا شکار ہوگئے۔

اداکار نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’’ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا، رواں ماہ کے آخر میں بہت اہم اعلان کروں گا‘‘۔ انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ ’’اکتوبر کے اواخر تک سوشل میڈیا سے دور رہوں گا اور امید کرتا ہوں کہ میری بات کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں گے‘‘۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور 25 اگست کو ازدواجی بندھن میں بندھے جس کے بعد اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی نے اپنے کریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا، بعد ازاں انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے پیارے افضل میں مرکزی کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھوا، اسی دوران انہوں نے مختلف فلمیں بھی کیں۔