جے یو آئی کے دھرنے جاری، کئی شہروں میں ٹریفک معطل

  • November 15, 2019, 11:43 am
  • National News
  • 126 Views

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کے تحت جیکب آباد، گھوٹکی، کندھ کوٹ، ڈیرہ غازی خان، بنوں، ملاکنڈ اور لورالائی میں دھرنے جاری ہیں جس سے کئی شہروں میں ٹریفک معطل ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے کارکنان گھوٹکی میں قومی شاہراہ پر کل شام 4 بجے سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک معطل ہے، جبکہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب سے سندھ کی جانب آنے والی ٹریفک کو چوک ماڑی قومی شاہراہ سے ملتان سکھر موٹر وے سے گزارا جارہا ہے، جیکب آباد میں سندھ بلوچستان بائی پاس پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر تیسرے روز بھی جمعیت علمائے اسلام کا دھرنا جاری ہے۔

ڈیرہ غازی خان تونسہ میں کھڈ بُزدار پل پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، دھرنے کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک بلاک ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں۔

بنوں میں کل دوپہر12بجے سے لنک روڈ انڈس ہائی وے پر دھرنا جاری ہے، دھرنے کے باعث بنوں، لکی مروت، ٹانک اور کرک کے درمیان ٹریفک کی روانی معطل ہے، مالاکنڈ میں بھی پل چوکی کے مقام پر جے یو آئی (ف) کا احتجاجی دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

بلوچستان لورالائی میں جے یو آئی اور پشتونخوا میپ کے کارکنوں نےاحتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، دھرنے اور احتجاج کے باعث کوئٹہ ڈیرہ غازی خان اور لورالائی ژوب قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہے۔

دوسری جانب سکھر، کندھکوٹ، نوشہرہ، شاہراہ قراقرم سمیت دیگر کئی شہروں میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے پلان بی کے تحت دھرنوں کا اعلان کیا گیا ہے۔