نواز شریف علاج کے لیے لندن روانہ ہو گئے

  • November 19, 2019, 11:34 am
  • Breaking News
  • 146 Views

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف علاج کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوگئے، وہ قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے۔

ان کے ہمراہ ان کے بھائی میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد روانہ ہوئے ہیں۔

اس سے قبل نواز شریف جاتی امراء سے ایئر پورٹ پہنچے، سابق وزیرِ اعظم کا ایئر پورٹ پر بھی میڈیکل چیک اپ ہوا۔

میاں شہباز شریف بھی لندن روانگی کے لیے ماڈل ٹاؤن لاہور سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے جہاں انہوں نے میاں نواز شریف کو ریسیو کیا۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز ایئرپورٹ نہ آئیں، انہوں نے جاتی امراء سے ہی والد کو الوداع کیا۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماؤں نے حج لاؤنج سے سابق وزیرِ اعظم کو رخصت کیا۔

ایئر پورٹ پر موجود سیکڑوں نون لیگی کارکنوں نے اپنے رہنماؤں کی گاڑیوں پر گل پاشی کی اور ان کے حق میں نعرے بلند کیے۔

نواز شریف کسی بھی ایئر پورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرونِ ملک جا سکتے ہیں جبکہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا۔



صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے قوم سے نواز شریف کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اور کارکنان اپنے قائد کے لیے دعائیں اور نوافل ادا کریں، ان شاء اللّٰہ نواز شریف صحت مند ہوکر واپس لوٹیں گے۔


ترجمان نون لیگ مریم اورنگ زیب کا نواز شریف کی صحت اور بیرونِ ملک جانے سے متعلق بیان میں کہنا ہے کہ سفر سے پہلے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس مطلوبہ سطح پر لانے کے لیے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی جا رہی ہیں، قومی کی دعاؤں میں نواز شریف لندن روانہ ہوئے ہیں۔

مریم اورنگ زیب نے یہ بھی کہا کہ پارٹی صدر محمد شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان ہمراہ ہیں جبکہ ایئر ایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت موجود ہے، سفر پر روانگی سے قبل ڈاکٹرز کی جانب سے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا ہے۔