بلاول کوآئن اسٹائن کہنے پرریحام خان کاوزیراعظم کوجواب

  • November 19, 2019, 1:03 pm
  • Breaking News
  • 198 Views

وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ ریحام خان سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے علاوہ انہیں بھی مختلف حوالوں سے زد میں رکھتی ہیں۔ اب عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانے پر بلاول کے علاوہ ریحام خان نے بھی جواب دیا ہے۔

گزشتہ روز 18 نومبر کو ایبٹ آباد میں ہزارہ موٹروے فیز 2 کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے توقعات کے برعکس منصوبے کی اہمیت اور فوائد سے متعلق خطاب کے بجائے توپوں کا رخ اپوزیشن کی جانب موڑتے ہوئے سب پرلفظی گولہ باری کی تھی۔

چئیرمین پی پی کو آئن اسٹائن سے بھی بڑا سیاستدان قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول جو تھیوری لیکر آیا اس سے دنیا کے سیاستدان گھبرا گئے ہیں۔ اس موقع پرانہوں نے بلاول کے لب ولہجے کی نقالی کرتے ہوئے ان کا جملہ ’’زیاہ بارش آتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے ‘‘ دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول خود کو لبرل کہتا ہے لیکن یہ لبرلی کرپٹ ہے۔





اس حوالے سے ریحام خان نے یو ٹیوب پر ایک طویل ویڈیو میں طنز کے نشتربرسائے اور ٹوئٹر پر اس ویڈیو میں بلاول کے دفاع میں کہی گئی باتوں کا کلپ ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

ریحام خان نے کہا کہ بلاول بھٹو توایک منطقی بات کر رہے ہیں اور ہم بھی یہ بات کہیں گے کہ پانی بارش سے ہی آتا ہے، لیکن اللہ بہترجانتا ہے کہ لاڈلے کے دماغ میں خیالات کہاں سے آتے ہیں کیونکہ اس کی کوئی نارمل وضاحت نہیں بنتی۔





انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’بولے آئن اسٹائن اس دن گھبرایا ہوگا جس دن بلاول نے یہ بات کی، تو مجھے خیال آیا کہ آئن اسٹائن تو اس دن گھبرایا ہو گا جب آپ نے جاپان کو جرمنی کے بارڈر سے ملایا ہوگا۔ آئن اسٹائن اس دن قبرمیں تڑپا ہو گا جب آپ نے افریقہ کو ملک کہا ہوگا، اور آئن اسٹائن کو تو چھوڑیں سقراط اور بقراط بھی اس بات پر بوکھلائے ہو ں گے کہ انڈہ اورمرغی اور اب گائے نیا خیال ہے‘‘۔

یو ٹیوب پرجاری کی جانے والی ویڈیو میں ریحام خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ خدا مجھے جنت میں ایک چھوٹی سی جگہ ضرور دے گا کیونکہ جو میرا وقت بنی گالا میں گزرا اورمیرے صبرکا امتحان لیا گیا۔

ریحام خان نے بلاول کے علاوہ شریف برادران کیلئے بھی نرم گوشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت بڑا دن تھا، ہری پورسے لیکر بفا تک اوراس کے آگے تھاہ کوٹ تک سی پیک کے تحت سڑک بنی ہے،جنہیں کریڈٹ ملنا چاہیے تھا انہیں نہیں ملا لیکن آج افتتتاح کرتے وقت لاڈلے کی زبان لڑکھڑا رہی تھی۔ انہوں نے ذرا نہ سوچا کہ کریڈٹ نہ دوں لیکن کم از کم آج تو شریفوں کی برائی نہ کروں ۔

طنزکے نشتر برساتے ہوئے ریحام خان نے مزید کہا کہ کہتے ہیں میں دھرنا ایکسپرٹ ہوں توواقعی آپ تو دھرنے سےباہر ہی نہیں نکلے۔





دوسری جانب عمران خان کی تقریر کے بعد بلاول بھٹو نے بھی ٹوئٹرپرشدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ نہ لبرل ہوں، نہ کرپٹ ہوں اور نہ ہی منافق۔ میں ترقی پسند اور نظریاتی ہوں۔ میں ایک سال سے سیاست میں ہوں۔ تم 70 سال کے بوڑھے ہو، 20 سال سے سلیکٹڈ سیاست کرتے آرہے ہو۔ اگر عمران خان کی کوئی پہچان ہے تو یوٹرن ہے، منافقت ہے اور کٹھ پتلی ہے‘‘۔

وزیراظم کے بیان اور بلاول کے ردعمل کے حوالے سے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر بھی حمایتیوں اور مخالفین کے درمیان خاصی گرما گرمی ہے۔