پلان سی میں کل سے پورے ملک میں جلسے ہوں گے: اکرم درانی

  • November 21, 2019, 8:18 pm
  • Breaking News
  • 227 Views

اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جمعے کے روز پورے ملک میں جلسے جلوس ہوں گے، عوام کو جلد ہی خوش خبری ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی آج ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اخلاقی طور پر مستعفی ہوں، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ ختم ہوا۔

اکرم درانی کا کہنا تھا الیکشن کمیشن میں کیس کے بعد عمران خان کی پارٹی ختم ہو جائے گی، پورے ملک کے تمام ادارے حکومت سے مایوس ہیں، کسان تاجر ڈاکٹر سب احتجاج کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، صحافی کے سوال پر کہ کیا الیکشن کمیشن نے آپ کی سن لی، اکرم درانی نے کہا کہ یہ تو آپ نے کمال کر دیا، صحافی نے دوسرا سوال کیا کہ پلان سی میں کیا کریں گے، انھوں نے جواب دیا کہ کل سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے ہوں گے، اس سلسلے میں آج صوبائی قیادت بیٹھ کر مشاورت کرے گی۔

صحافی کے سوال پر کہ دھرنے سے کیا فائدے حاصل ہوئے، اکرم درانی نے جواب دیا کہ دھرنے کا مقصد اور فائدہ جلد عوام کے سامنے آ جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف جلد ہی وطن واپس آئیں گے، بیماری پر گپ شپ لگائی جا رہی ہے، نواز شریف بیمار بیوی کو چھوڑ کر وطن واپس آئے تھے، بہت سے لوگ ابھی بھی ٹی وی پر بیٹھ کر بیماری پر واویلا کر رہے ہیں۔