پشین، موٹر سائیکل سے بارودی مواد برآمد

  • November 29, 2019, 11:55 pm
  • National News
  • 231 Views

بلوچستان کے ضلع پشین میں تخریب کاری کامنصوبہ ناکام بنا دیا گیا، مین چوک پر کھڑی مشکوک موٹر سائیکل سے بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے بتایا ہے کہ پشین میں امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر سادہ کپڑوں میں لیویز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ایک لیویز اہلکار نے پشین کے مین بازار میں مشکوک موٹر سائیکل کھڑی ہونے کی نشاندہی کی۔

پشین کے مین چوک کے قریب مشکوک موٹر سائیکل میں بم کی اطلاع ملنے پر پولیس اور لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا جس نے موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا 5 کلو بارودی مواد ناکارہ بنا دیا۔

اس دوران سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، جبکہ موٹر سائیکل میں بم نصب ہونے کی اطلاع پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔


ادھر کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ریلوے ٹریک کو مشکوک بیگ کی اطلاع ملنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کلیئر کر دیا تاہم اس دوران 2 گھنٹے تک ٹریک پر ٹرین سروس معطل رہی۔



کوئٹہ کے نواحی علاقے سپیزنڈ کے مقام پر ریلوے ٹریک پر مشتبہ بیگ کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی تمام ٹرینوں کو کوئٹہ اسٹیشن پر روک لیا گیا۔

اس موقع پر بم ڈسپوزل اسکوڈ کو طلب کیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر جب بیگ کو چیک کیا تو اس میں سے پرانے کپڑے اور گھریلو سامان برآمد ہوا جس کے بعد ریلوے ٹریک کو کلیئر کر دیا گیا۔

اس دوران کوئٹہ سے اندرونِ صوبہ جانے والی 2 ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں۔