بلوچستان کی خاتون افسر کا اعزاز

  • December 10, 2019, 1:24 pm
  • National News
  • 207 Views

کوئٹہ کے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی سیکرٹری روحانہ گل کاکڑ نے ’انٹیگریٹی آئکون ایوارڈ‘ جیت لیا۔ اسلام آباد میں معقدہ تقریب میں وفاقی وزیر زرتاج گل اور سویڈن کی پاکستان میں سفیر انگرڈ جوناسن نے انہیں ایوارڈ سے نوازا۔

بلوچستان کی خاتون آفسیر روحانہ گل کاکڑ نے اسلام آباد میں اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان اور یو این ڈی پی کے زیر اہتمام تقریب میں انٹیگریٹی آئکون آف پاکستان کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ تین سو سے زائد سرکاری اہلکاروں جن میں سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، غیر ملکی سفارتکار اور ایسے شہری جو انٹیگریٹی آئکون کے انتخاب کے عمل میں براہ راست شریک تھے کی موجودگی میں پاکستان کے پانچ ایماندار ترین سرکاری افسران کا اعلان کیا گیا۔

تین سو سے زائد امیدواروں میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ روحانہ گل کاکڑ بھی شامل تھیں جنہوں نے انٹیگریٹی آئکون ایوارڈ 2019 کا بریوری آئکون ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

تقریب کی مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے اکاؤنٹبیلٹی لیب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انٹیگریٹی آئکون پاکستان کے لئے انتہائی ضروری ہے اور یہ سرکاری ملازمین کے لئے ایک اہم ایوارڈ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

روحانہ کاکڑ نے سول افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے اکاؤنٹبیلٹی لیب کی جانب سے ایوارڈز کے انعقاد کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پذیرائی سے سول افسران اور سرکاری ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ زیادہ دل جوئی سے اپنی ذمہ داریاں اور خدمات سرانجام دے سکیں گے۔

روحانہ کاکڑ نے کوئٹہ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری کیلئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر منفرد کارکردگی دکھائی جس پر انہیں بے حد سراہا بھی گیا۔