وکلاء اور ڈاکٹرز کا کل ہڑتال کا اعلان

  • December 11, 2019, 10:49 pm
  • National News
  • 177 Views

اسلام آباد: پمز اسپتال کے ملازمین نے پی آئی سی واقعےکےخلاف کل ہڑتال کا اعلان کردیا جب کہ پنجاب بار کونسل نے بھی ڈاکٹرز کے رویے اور وکلا کی گرفتاریوں کے خلاف صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرز اور وکلا کا تنازع پرتشدد شکل اختیار کرنے کے بعد مزید شدت اختیار کر گیا، وکلا اور ڈاکٹرز دونوں نے ہی کل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی سرکاری اسپتالوں کے ملازمین نے پی آئی سی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل پمز اسپتال میں ہڑتال کی جائے گی جب کہ وفاقی اسپتالوں میں کل سے2 گھنٹےعلامتی احتجاج ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر رہنماؤں نے کہا کہ پی آئی سی پر وکلا نے حملہ کرتے ہوئے ایمرجنسی کےشیشے توڑے اور لیڈی ڈاکٹرز کے سر پھاڑے، قیمتی مشینوں کوتباہ کیاگیا اور آپریشن تھیٹرمیں ٹیبل توڑدیئے، 3گھنٹےتک پی آئی سی میدان جنگ بنارہا، انہوں نے کہا کہ اسپتال پرجس طرح کاحملہ کیاگیا تاریخ میں ایسا نہیں ہوا تھا۔

دوسری جانب ڈاکٹرز کے رویے اور وکلاء کی گرفتاریوں پر پنجاب بارکونسل نے بھی کل صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ وکلاء کل عدالت امور کا بائیکاٹ کریں گے اور صوبے بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔