اقراء عزیز اور یاسر کی شادی کا دلچسپ دعوت نامہ

  • December 17, 2019, 3:50 pm
  • Entertainment News
  • 296 Views

اداکاریاسر حسین اور اقراء عزیز نے اپنی شادی کا ایک دلچسپ دعوت نامہ سب سے شیئر کردیا۔

یاسر حسین نے چند روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن کے دوران اداکارہ اقراء عزیز کے ساتھ جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا اشارہ دیا تھا۔

ایسے میں دونوں کی شادی کا دلچسپ کارڈ بھی منظر عام پر آگیا ہے جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔

دونوں کا نکاح رواں ماہ 28 دسمبر کو دوپہر ایک بجے طے پایا ہے جسے سادگی سے منانے کے حوالے سے دونوں پہلے ہی بتا چکے ہیں۔

یاسر حسین اور اقراء عزیز دونوں نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کا کارڈ شیئر کیا جو انوکھے اینیمیٹڈ اسٹائل میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔

کارڈ میں دیکھا جاسکتا ہے یاسر حسین اور اقراء عزیز دولہے دولہن کے روپ میں ہیں جس کی عبارت میں لکھا کہ خادم صاحب کا لڑکا یاسر (دیر آیا درست آیا) اور عزیز صاحب کی لڑکی اقراء (کیونکہ 2020 میں مہنگائی بڑھے گی) کا نکاح دوپہر ایک بجے بروز 28 دسمبر کو ہوگا۔

اس کے علاوہ دونوں نے کارڈ تحریر کیا ہے کہ تحفے دینے کے بجائے دل کھول کر مشورے دیں۔

یاد رہے کہ لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 کے دوران ستاروں کی جھرمٹ میں اداکار یاسر حسین نے اقراء عزیز کو شادی کی پیشکش کی تھی جس پر اداکارہ نے بھی ہاں کر دی تھی۔

لکس اسٹائل ایوارڈز میں اداکارہ اقراء 2 ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہی تھیں جس کا یاسر حسین نے تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج جب اقراء کو دو ایوارڈز ملے تو میں نے سوچا کہ یہ ہی اچھا موقع ہے، تیسرا ایوارڈ بھی انہیں دے دینا چاہیے‘۔

جس کے بعد یاسر حسین زمین پر بیٹھے اور اقراء سے پوچھا کہ کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟ اداکارہ کے جواب کا انتظار کیے بغیر انہوں نے کہا کہ ’ہاں کردو، ورنہ بہت بے عزتی ہو جائے گی‘۔

یاسر کے پرزور اسرار پر اقراء عزیز نے فوراً ہاتھ آگے بڑھا کر اُن سے انگوٹھی پہن لی تھی۔