مشتاق رئیسانی نے ساری دولت عزیزوں کی ظاہر کر دی

  • December 18, 2019, 12:17 pm
  • National News
  • 307 Views

بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی نے گھر سے برآمد ہونے والی بے پناہ دولت کے بارے میں اپنا بیان جج کو قلمبند کروا دیا ہے اور تمام مال و دولت اپنے رشتہ داروں کی ملکیت باور کرائی ہے۔

مشتاق رئیسانی کے گھر پر نیب نے چھاپہ مارکر اربوں روپے، اربوں کا سونا، اربوں مالیت کی پراپرٹی دستاویزات اور اربوں مالیت کی قیمیتی گاڑیاں برآمد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا تھا۔ مشتاق رئیسانی اس وقت بلوچستان کے محکمہ خزانہ کے سیکریٹری اور خالد لانگو وزیر خزانہ تھے۔

میگا کرپشن کیس کی سماعت کوئٹہ کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو اور سابق سیکرٹری مشتاق ریئسانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی نے جج کے سامنے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے گھر سے برآمد ہونے والی رقوم نورمحمد وردگ اور محمد یونس نے امانتاً رکھوائی تھی، اس میں پانی کی ٹینکی سے برآمد ہونے والی رقم نور محمد وردگ نے پشین میں کلینک بنانے کیلئے رکھے تھے۔

مشتاق رئیسانی نے بتایا کہ ان کے گھر سے برآمد ہونے والی لگژری گاڑیاں ان کے سالے کی ملکیت اور سونے کے زیوارات سالی کی ہیں۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مشتاق ریئسانی نے گرفتاری پر بارگینگ کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد احتساب عدالت کے جج منور شاہوانی نے سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر مشتاق رئیسانی کے بیان پر جرح اور وکلا کے دلائل ہوں گے۔