سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں شکست، پاکستان نے سیریز اپنے نام کر لی

  • December 23, 2019, 11:31 am
  • Sports News
  • 182 Views

پاکستان نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں شکست دیکر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 263 رنز سے شکست دی۔

سری لنکا نے کھیل کے پانچویں اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 212 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کیا لیکن پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ کی پہلی ہی گیند پر امبلدینیا وکٹون کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔


اگلے اوور میں یاسر شاہ نے سری لنکا کے ٹاپ اسکورر اوشادا فرنینڈو کو بھی گھر بھیج دیا اور پھر پانچویں روز کھیل کے تیسرے اوور میں نسیم شاہ نے سری لنکا کے آخری کھلاڑی کو آؤٹ کر کے ٹیم کی فتح کے ساتھ اپنی 5 وکٹیں بھی مکمل کیں۔

سری لنکا کے آخری تین کھلاڑی اپنی ٹیم کے اسکور میں ایک رن کا اضافہ بھی نہ کر سکے۔ سری لنکا کی جانب سے اوشادا فرنینڈو 102 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 5 اور یاسر شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور حارث سہیل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بارش اور خراب موسم کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 27 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتی ہے، اس سے قبل 1992 میں عمران خان کی قیادت میں گرین کیپس نے آئی لینڈرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

1992 کے بعد سری لنکا نے پاکستان میں 2 ٹیسٹ سیریز جیتیں اور 2 ڈرا کیں جب کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد 10 برس تک پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ ہی نہیں ہو سکی۔