سردی اور مہنگائی كے باعث كوئٹہ میں کاروبارِ زندگی بری طرح متاثر

  • December 24, 2019, 12:41 pm
  • National News
  • 273 Views

سردی اور مہنگائی كے باعث كوئٹہ میں كاروبارِ زندگی شدید متاثر ہے جس کی وجہ سے كرسمس كے موقع پر بھی دكان دار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔

کوئٹہ میں شدید سرد موسم اور مہنگائی نے كاروبار زندگی بری طرح متاثر کر دیا ہے اور خریداری میں انتہائی حد تک کمی آچکی ہے اور دکان داروں کو اپنے اخراجات پورے کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

دكان داروں كا كہنا ہے كہ مہنگائی میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے، رہی سہی كسر سرد موسم نے پوری كردی ہے، اب دكان كے كرائے اور ملازمین كی تنخواہیں نكالنا بھی مشكل ہوگیا ہے۔
ایک مسیحی خریدار نے بتایا كہ مہنگائی نے ملازمت پیشہ افراد كو زیادہ متاثر كیا ہے، اب گیس بجلی كے بلوں میں ہی نصف تنخواہ چلی جاتی ہے جب کہ كرسمس كی خریداری بھی خواب بنتا جارہا ہے، ان حالات میں حكومت نہ صرف مہنگائی كی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے بلكہ مسیحی ملازمین كو كرسمس پر بونس بھی فراہم کرے۔