پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سلیکٹیڈ حکومت کا تحفہ ہے ، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

  • January 1, 2020, 2:25 pm
  • National News
  • 143 Views

ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو سلیکٹیڈ حکومت کا عوام کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال میں پیٹرول، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے صرف دعوے کیے ہیں مگر ان کی عملی کارکردگی صفر ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ قابلِ مذمت ہے، یہ نا اہل حکومت عوام سے جینے کا حق چھین لینا چاہتی ہے، آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور تبدیلی سرکار کو بد دعائیں دے رہے ہیں، ان حکمرانوں کو غریبوں کی بد دعاؤں سے ڈرنا چاہیے، اللّٰہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹر ولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے مگر سلیکٹیڈ حکمرانوں کےکان میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اس بات کی غماز ہے کہ ان حکمرانوں کو غریبوں کی رتی برابر پرواہ نہیں اور عوام چاہے جئیں یا مریں ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی غارت گر معاشی پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے۔