بلوچستان میں برفباری سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی

  • January 16, 2020, 1:45 pm
  • Weather News
  • 314 Views

كوئٹہ میں برف باری سے چھت گرنے اور سردی سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد 4 روز كے دوران ہونے والی ہلاكتوں كی تعداد 20 ہوگئی ہے اور برف باری میں پھنسے 500 افراد 80 گاڑیوں كو محفوظ مقامات پرمنتقل كردیاگیا ہے جب کہ متاثرہ علاقوں میں ہیلی كاپٹرز كے ذریعے امدادی اشیاء اور خوراک فراہم كی جارہی ہے۔

كوئٹہ میں برف باری كے بعد كاروبار اور معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے، وادی میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریكارڈ كیا گیا ہے، دھوپ نكلنے سے مطلع مكمل صاف ہوگیا، شہری مكانات كی چھتوں سے برف ہٹا تے رہے تاہم شدید سردی كے باعث سڑكوں اورگلیوں میں برف كے ڈھیرموجود ہیں، شہر میں پڑی برف اور پھسلن كے باعث شہریوں كو آمد و رفت میں مشكلات كا سامنا كرنا پڑا ہے، شدید سردموسم میں سوئی گیس پریشر میں اور كئی علاقوں میں گیس غائب رہی جس سے علاقہ مكینوں كو سخت پریشانی كا سامنا كرنا پڑا۔

بلوچستان كے ضلع ژوب میں ایک روز قبل برفباری سے كلی تورہ خولہ میں كمرے كی چھت گرنے سے زخمی ہونے والا بچہ زخموں كی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، قلعہ سیف اللہ كی تحصیل مسلم باغ میں برف تلے دب كر جاں بحق ہونے والے ملک رشید نامی شخص كی لاش نكال لی گئی جب كہ تورہ خولہ میں چھت گرنے سے محمد شریف، اسكی اہلیہ اور 2 بچے خان ولی اور محمد زبیرزخمی ہوگئے۔
ڈائریكٹرجنرل پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی عمران زركون كے مطابق گزشتہ رات گئے مسلم باغ اور كان مہترزئی كے علاقے میں برف باری میں پھنسے ہوئے افراد كو ریسكیو كرنے سے متعلق جاری آپریشن مكمل كرلیا گیا۔

پی ڈی ایم اے عمران زركون كے مطابق گزشتہ روز كان مہترزئی اور مسلم باغ كے علاقے میں برف باری كے باعث پھنسے ہوئے 500افراد كو بحفاظت محفوظ مقامات پرمنتقل كرلیاگیا ہے بلكہ 80 گاڑیوں كو بھی بحفاظت نكال لیا گیا جن افراد كو برف باری سے نكالاگیا انہیں كھانے پینے كی اشیاء بھی فراہم كردی گئیں جب کہ دوسرے متاثرہ علاقوں میں بھی ہیلی كاپٹرز كے ذریعے امدادی اشیاء اورخوراک كی فراہمی بھی جاری ہے۔

ڈپٹی كمشنر قلعہ سیف اللہ ڈاكٹر عتیق الرحمان كے مطابق كان مہترزئی میں پھنسے ہوئے سینكڑوں افراد اور گاڑیوں كو نكال كر سركاری ریسٹ ہاؤسز اور مختلف لوگوں كے گھروں میں منتقل كیا گیا۔
ادھر كوئٹہ چمن شاہراہ كو دونوں جانب كی ٹریفک كیلئے كھول دیا گیا، بلوچستان كے ضلع پشین كی تمام رابطہ سڑكیں منگل كے روز بحال كردی گئیں۔

ڈپٹی كمشنر پشین قائم لاشاری نے برشور میں برف باری كے دوران پھنسی گاڑیوں كو لیویز اہلكاروں كی مدد سے نكال كرشہریوں میں اشیاء خورد و نوش تقسیم كیں۔

ادھر بلوچستان كے ضلع بولان كے علاقے مچھ دوزان كے قریب بند شاہراہ كو بحال كردیا گیا ہے، برف باری سے متاثرہ خانوزئی سپیرہ راغہ این 50 سے لورالائی كراس این 70 تک شاہراہ كو صاف كركے ٹریفک كیلئے بحال كردیا گیا ہے، 92 كلومیٹر كے علاقے میں سینكڑوں لوگوں كو كپڑے، كمبل، ٹینٹ اور كھانے پینے كی اشیاء فراہم كی گئیں۔