شدید سردی اور بارش میں سڑک کنارے کھڑے ہو کر زار و قطار رونے والے پاکستانی ڈلیوری بوائے کی تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئی

  • January 17, 2020, 11:04 am
  • Entertainment News
  • 381 Views

شدید سردی اور بارش میں سڑک کنارے کھڑے ہو کر زار و قطار رونے والے پاکستانی ڈلیوری بوائے کی تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئی، کھانے کا آرڈر ڈلیور نہ کر پانے پر لڑکے کو اپنی آدھی تنخواہ کٹ جانے کا ڈر تھا، راہ چلتے ایک شخص نے رک کر لڑکے کی تمام بات سنی اور پھر کینسل ہو جانے والا آرڈر خود لے کر پیسوں کی ادائیگی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سامنے آئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں وائرل ہوگئی۔ یہ پوسٹ گھروں میں کھانا ڈلیور کرنے والے ایک لڑکے سے متعلق تھی جو شدید بارش اور سردی کے موسم میں سڑک کنارے کھڑا زار و قطار رو رہا تھا۔ یہ واقعہ راولپنڈی کا ہے جہاں ایک جہاں ایک شخص نے جب اس لڑکے کو دیکھا تو اپنی گاڑی روک لی۔
رونے کی وجہ پوچھنے پر لڑکے نے بتایا کہ کھانا دیر سے ڈلیور کرنا ہے اور کھانا منگوانے والے نے آرڈر کینسل کر دیا۔ تیز بارش کی وجہ سے کسٹمر نے کھانا لینے سے انکار کیا تاہم اب اس کا بل اسکی تنخواہ سے کٹے گا۔ کھانے کا بل 38 سو روپے تھا جبکہ اس کی کل تنخواہ محض 10 ہزار روپے ہے۔ یوں کھانے کا آرڈر کینسل ہو جانے سے وہ اب اپنی آدھی تنخواہ سے محروم ہو جائے گا۔
لڑکا یہ بات بتاتے ہوئے سردی کی شدت سے مسلسل کانپ بھی رہا تھا۔ لڑکے کی کہانی سن کے اسے روکنے والے شخص نے کھانے کا آرڈر خود وصول کر لیا اور اس کا بل بھی ادا کر دیا۔ بعد ازاں اس شخص نے یہ تمام کہانی ایک پوسٹ کی صورت میں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔ اس پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد لوگوں سے درخواست کی جا رہی ہے کہ خراب موسم میں اگر کھانا ڈلیور کرنے والے لوگوں کو اگر دیر ہو جائے تو اس صورت میں آرڈر کینسل کرنے اور غصہ کرنے سے گریز کیا جائے۔ ایسے لوگ بہت مجبور ہوتے ہیں اور ان کی تنخواہ بہت کم ہوتی ہے، اس لیے ہمیں ان لوگوں کا احساس کرنا چاہیئے۔