کورونا وائرس سے بچنے کیلیے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں

  • January 27, 2020, 4:15 pm
  • Health News
  • 182 Views

کورونا وائرس سے اس وقت چین میں 2700 افراد متاثر ہیں اور اس وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 80 سے تجاوز کر گئی ہے۔

تیزی سے پھیلنے والا کورونا وائرس دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے جن میں امریکا، تھائی لینڈ اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں جب کہ دیگر ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے حوالے سے تاحال کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

کولمبیا کی یونیورسٹی آف برٹش کے کلینیکل ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مائیکل کری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کورونا وائرس پر قابو پانے کا بہترین حل حفظانِ صحت کی مشق (پریکٹس گڈ ہائجین) کرنا ہے۔

ڈاکٹر مائیکل کری نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے منہ کو ماسک کے ذریعے ڈھانپ کر رکھیں، اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح باقاعدگی سے دھوئیں اور رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔


علاوہ ازیں امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری ونشن نے لوگوں کو یہ ہدایت کی ہے کہ اپنے ہاتھوں کو کم سے کم 20 سیکنڈز تک دھوئیں، بغیر ہاتھ دھوئے آنکھ ،ناک اور منہ کو نہ چھوئیں۔

کورونا وائرس کی علامات
کورونا وائرس کی علامات میں کھانسی، چھینک آنا اور سانس کی کمی شامل ہے جب کہ کچھ مریضوں کو سر درد اور معدے کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ڈاکٹر مائیکل کری نے کہا کہ حفظانِ صحت کی مشق کرنے علاوہ اپنے نظامِ قوت مدافعت کو مضبوط رکھنے کے لیے صحت مند غذاؤں کا استعمال کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کوئی ویکسین تیار نہیں کی گئی ہے اور نا ہی ہمارے پاس اس وائرس پر قابو پانے کے لیے کوئی دوائیاں ہیں۔

ڈاکٹر نے لوگوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ (این نائن فائیو) ماسک کا استعمال کریں جو عام طور پر پاکستان میں اسموگ کے موسم میں استعمال کیا جاتا ہے، اس ماسک کی مدد سے وائرس کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔