پاکستانی سفارتخانہ چین میں موجود طلبا سے رابطے میں ہے: دفتر خارجہ

  • January 30, 2020, 3:32 pm
  • Health News
  • 192 Views

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ چین میں موجود طلبا سے رابطے میں ہے، کسی ملک نے ابھی تک باقاعدہ چین سے اپنے لوگ نہیں نکالے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 179 واں روز ہے، مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی بدستور بندش کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے مربوط اقدامات کیے، پاکستانی سفارتخانہ چین میں موجود طلبا سے رابطے میں ہے۔ چین میں مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے وائرس کی روک تھام کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی بنا دی ہے، این آئی ایچ نے ایمرجنسی ڈکلیئر کردی ہے جبکہ ایمرجنسی سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ارمچی ایئرپورٹ پر پرواز میں تاخیر کی وجہ سے پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، چینی حکام سے رابطہ کیا ہے کہ مذکورہ پاکستانیوں کا خیال رکھیں، چین میں تمام طلبا کی رجسٹریشن کو یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین میں جو پاکستانی ڈیٹا بیس پر موجود نہیں ان کو سفارتخانے سے رابطے کا کہا گیا ہے، خوراک کے حوالے سے یونیورسٹیز ایڈمنسٹریشن افسران نے بھی معاملہ اٹھایا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چین سے انخلا ابھی تک کسی ملک کی جانب سے نہیں ہوا، حکومت چین میں پاکستانیوں کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔ کسی ملک نے باقاعدہ چین سے اپنے لوگ نہیں نکالے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کینیا کے اہم دورے پر موجود ہیں، کینیا پاکستان کا مضبوط ایکسپورٹ پارٹنر ہے۔ حکومت نے تجارتی ڈپلومیسی کا آغاز کردیا ہے۔ وزیر خارجہ نیروبی میں بین الاقوامی کانفرنس کی صدارت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطین ریاست پر مبنی پالیسی پر کاربند ہے۔ بھارت کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات آتے ہیں۔ اشتعال انگیز بیانات کسی صورت خطے کے لیے بہتر نہیں۔