وزیراعظم عمران خان آج ‘احساس کفالت پروگرام’ کا آغاز کریں گے

  • January 31, 2020, 11:15 am
  • National News
  • 175 Views

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج ’’احساس کفالت پروگرام‘‘کا افتتاح کریں گے ، پروگرام کےتحت بیوہ خواتین سمیت نادارافرادکی مالی امداد اور انتہائی مستحق افرادکو2ہزارروپےماہانہ رقم دی جائےگی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت مستحق اور غریب خاندانوں کی خود کفالت کو تیار ہے ، وزیراعظم آج احساس کفالت پروگرام کا آغاز کریں گے، افتتاحی تقریب جناح کنونشن سینٹراسلام آبادمیں ہوگی ، وزیر اعظم معاون خصوصی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتربریفنگ دیں گے۔

بینظیر کارڈ ختم کر کے مستحقین کو ’’احساس کفالت کارڈ‘‘پر وظیفہ ملے گا، کارڈ سے نواز شریف اور بے نظیر کی تصاویر ختم کرکے صرف قائد اعظم کی تصویر لگے گی، حکومت ہر ماہ 70 لاکھ خواتین کو ماہانہ 2ہزار روپے دے گی جبکہ بی آئی ایس پی کے 40 لاکھ بینفشریز بھی کفالت پروگرام میں شامل ہیں۔

احساس کفالت پروگرام کےتحت خواتین کو بینک اکاؤنٹس میں رقم منتقل ہوگی ، مستحق،غریب خواتین کاانتخاب نادراکی معاونت اور نئے سروے کے ذریعے ہورہا ہے۔

یاد رہے وفاقی وزیرمواصلات مرادسعیداور ڈاکٹرثانیہ نشتر نے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ، کفالت پروگرام سے5 لاکھ افرادمستفید ہوں گے، مستحق افرادتک احساس کفالت کارڈکی ترسیل پاکستان پوسٹ کےذریعےہو گی۔

ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ کہ پروگرام کےتحت انتہائی مستحق افرادکو2ہزارروپےماہانہ رقم دی جائےگی، رقم کی فراہمی کےلئےبینک اکاؤنٹ کھول کر دئیے جائیں گے، بینکوں کےساتھ معاہدوں کوبھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، افتتاح ہوتےہی5لاکھ افراد کوانرولمنٹ کے خطوط بھیج دئیے جائیں گے۔

واضح رہے گذشتہ سال اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے نادار اور مستحق افراد کیلئے ایک اور احسن قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں “احساس لنگر” پروگرام کا آغاز کیا تھا، پروگرام کے تحت مستحق اور غریب افراد کے لئے کھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

اس سے قبل یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ احساس پروگرام کو ملک گیر سطح تک پھیلایا جائے گا، احساس پروگرام کے ثمرات پورے پاکستان کوملیں گے، پروگرام کا مقصد پسے ہوئے طبقے کی زندگی کو بہتر کرنا ہے، حکومت نے احساس پروگرام کے لیے 190 ارب روپے مختص کیے ہیں۔