تمغہ امتیاز کے لیے مہوش حیات کا نام میں نے دیا، فواد چوہدری

  • February 4, 2020, 7:32 pm
  • Entertainment News
  • 278 Views

اسلام آباد: وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اداکارہ مہوش حیات کے لیے تمغہ امتیاز کا نام انہوں نے تجویز کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک ٹی وی انٹرویو میں مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دئیے جانے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہوش حیات بہترین اداکارہ ہیں بطور وزیر میں نے ان کا نام ستارہ امتیاز کے لیے تجویز کیا۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دئیے جانے کا فیصلہ مکمل طور پر میرٹ پر مبنی تھا، ایوارڈ کے لیے نامزدگی میں متعدد درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ ہر شعبے میں اول آنے والوں، ٹاپرز کو یہ ایوارڈ دیا جائے، ہم نے مہوش حیات کو بھی یہ ایوارڈ میرٹ پر دیا، انہیں تمغہ امتیاز ان کی فلموں کے بزنس کے حوالے سے دیا گیا جو کسی اور کی فلموں کے بزنس سے زیادہ تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس طرح کے ایوارڈ کے وقار کو تسلیم کرتے ہیں اور اسی لیے لوگوں کو نامزد کرتے وقت بہت احتیاط سے کام لیتے ہیں، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے چاہتا تھا کہ قومی ایوارڈ دینے کے لیے نوجوانوں کے نام پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔

یاد رہے کہ مہوش حیات کو گزشتہ برس 23 مارچ کو ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔