بغیر ویزہ کے آنے والی جرمن لڑکی کی ذمہ داری پاکستانی شوہر نے لے لی

  • February 11, 2020, 11:29 am
  • National News
  • 311 Views

جرمن خاتون حسینہ بغیر ویزہ کے پاکستان پہنچ گئی تھیں تاہم اب بتایا گیا ہے کہ ان کی شادی ایک پاکستانی لڑکے سے ہوئی تھی،جرمن خاتون کی ذمہ داری پاکستانی شوہر نے لے لی۔تفصیلات کے مطابق جرمن خاتون جینفیر واٹ پاکستانی ویزے کے بغیر ہی قطر ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے دوحہ سے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی تھیں۔
جینیفر قطر ائیر لائن کی پرواز کیو آر 632 پر دوحہ سے اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچی تھی۔امیگریشن کے دوران معلوم ہوا کہ جرمن خاتون کے پاس پاکستان کا ویزہ موجود نہیں اور انہوں نے بغیر ویزہ سفر کیا۔ جس کے بعد ایف آئی اے حکام نے جرمن خاتون کو انٹری دینے سے انکار کر دیا تھا ۔اور خاتون کو متعقلہ ائیر لائن کے حوالے کر دیا،تاکہ خاتون کو اُسی فلائٹ سے واپس بھجوایا جا سکے جہاں سے وہ آئیں تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمن خاتون کو اگلی دستیاب فلائٹ سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا بعدازاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں انٹری دے دی گئی۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جنیفیر وزیرآباد کے رہائشی زین علی کی اہلیہ ہے۔خاتون کے پاکستان میں قیام کی تمام تر ذمہ داری اس کے شوہر نے لی ہے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ خاتون کے بغیر ویزہ پہنچنے پر ایف آئی اے نے پہلے ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بعدازاں انسانی ہم دردی کی بنیاد پر فیصلہ واپس لے لیا ہے۔جرمن خاتون کے شوہر زین علی کو 7 روز قبل جرمنی سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 27 جنوری2020ء کو بھی اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے جعلی سفری دستاویزات پر جرمنی سے آنے والا غیر ملکی شہری ڈی پورٹ کردیا تھا۔بتایا گیا کہ عبداللہ جان پرواز ٹی کے 710 پر جرمنی سے براستہ ترکی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا،دوران امیگریشن مسافر کا افغان پاسپورٹ جعلی نکلا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے مسافر کو ڈی پورٹ اور ایئرلائین کو 5لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا۔ جب کہ گذشتہ سال اموڈ مرے نامی امریکی خاتون 7 نومبر کو مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچی تھیں، نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باجود امیگریشن اہلکاروں کی مبینہ غفلت کے سبب انہیں پاکستان میں انٹری دے دی گئی۔