حکومت کا صوبے بھر میں 32 لاکھ پودے لگانے کا اعلان

  • February 14, 2020, 12:30 pm
  • National News
  • 335 Views

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں 32 لاکھ پودے لگانے کا اعلان کیا ہے ساتھ ہی صوبے میں غیر قانونی درختوں کی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکریٹری جنگلات بلوچستان میر سعید احمد جمالی کے مطابق گزشتہ روز محکمہ جنگلات کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بلوچستان میں 10 بلین سونامی ٹری منصوبے کی منظوری دی گئی بعد ازاں 33 ڈسٹرکٹ میں باقاعدہ ٹینڈر کردیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 23 فروری کو جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر 1 لاکھ درخت لگائے جائیں گے جبکہ رواں سال صوبے بھر میں 31 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس کے لیے کلسٹر پلانٹیشن کا کام جاری ہے۔ اس منصوبے سے بلوچستاں میں پلانٹیشن کے حوالے سے انقلاب آئے گا۔
میر سعید جمالی نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی یہ کوشش رہی ہے کہ غیرقانونی طریقے سے جنگلات کاٹنے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اگر اس میں محکمہ جنگلات کا کوئی عملہ یا افسر ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکریٹری جنگلات نے مزید کہا کہ پشین یارو روڈ کی تعمیر کے لیے کاٹے گئے درختوں کی جگہ علاقے میں 8 ہزار سے زائد درخت لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔