چوکے چھکوں کی برسات، معین خان کے بیٹے اعظم خان نے تمام تر تنقید کو غلط ثابت کر دکھایا

  • February 21, 2020, 11:50 am
  • Sports News
  • 537 Views

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعظم خان نے پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں دھواں دار بلے بازی کردی۔ تفصیلات کے مطابق اعظم خان نے چوکے، چھکوں کی برسات کرکے تمام تر تنقید کو غلط ثابت کر دکھایا۔ اس سے قبل اعظم خان کو ٹیم میں شامل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا، لیکن انہیں نے اپنی شاندار پرفامنس سے سب کو خاموش کروادیا ہے۔
اعظم خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہر کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 59 رنز بنائے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل پاکستان سپرلیگ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے169 رنز کا ہدف دیا۔نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپرلیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی پہلی ہی گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے وکٹ حاصل کر لی،محمد نواز کی جانب سے کرائی گیند پر کولن منرو انہی کو واپس آسان کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے،اس کے بعد لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان نے جارحانہ انداز اپنایا اور دوسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کی، رونکی نے سہیل خان کو ایک اوور میں چھکا اور چوکا لگایا لیکن ایک اور چوکا لگانے کی کوشش میں وہ پوائنٹ پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 23رنز بنائے۔
ڈیوڈ ملان اور حسین طلعت نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس کے بعد حسین طلعت محمد حسنین کی گیند پر 19 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، کولن انگرام بھی صرف 6 رنز بناسکے،ڈیوڈ مالان 64 رنز بنانے کے بعد بین کٹنگ کا شکار بنے، آصف علی کی باری 19 رنز تک محدود رہی ،شاداب خان بھی صرف 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،فہیم اشرف 20 رنز بنا کر حسنین کی تیسری وکٹ بنے جنہوں نے موسی کو پوویلین بھیج کر چوتھی وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2 مرتبہ2016ء اور2018ء میں ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر لیگ کے 9 میچوں میں مدمقابل آچکی ہیں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔