بلوچستان کے تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات کا اعلان

  • February 27, 2020, 1:23 pm
  • National News
  • 187 Views

بلوچستان کے تعلیمی اداروں کیلئے ہنگامی تعطیلات کا اعلان، کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے کے تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں 2 ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی حکومت نے کروانا وائرس کے خدشات کے باعث صوبے کے تعلیمی ادارے مزید 2 ہفتے کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں جاری موسم سرما کی تعطیلات کو 29 فروری تک ختم ہو جانا تھا، تاہم اب تعطیلات میں مزید 2 ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے تعلیمی ادارے اب یکم مارچ کی بجائے 15 مارچ کو کھلیں گے۔ واضح رہے کہ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کیسز کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکولز کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں افراد کی حالت مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات کنٹرول میں ہیں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کرونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے پوری طرح مستعد ہے، تفتان اور ایران افغانستان سے ملنے والے سرحدی علاقوں کے انٹری پوائنٹس پر بلوچستان داخل ہونے والے افراد کی اسکریننگ کے علاوہ تشخیص کے لئے آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور حکومت تمام وسائل فراہم کررہی ہے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ اس وقت بلوچستان کے تمام سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی بھی نافذ کی جا چکی ہے۔