کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے طور خم بارڈر پر میڈیکل ٹیم تعینات

  • February 27, 2020, 1:27 pm
  • Breaking News
  • 352 Views

خیبر: طورخم بارڈر پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے 13 ڈاکٹرز و طبی عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔

پڑوسی ممالک ایران و افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر طورخم بارڈر پر بھی ایک میڈیکل ٹیم تعینات کی گئی ہے جو تھرمل اسکریننگ گنز کے ذریعے آنے والے لوگوں کی باقاعدہ اسکریننگ کرتی ہے جب کہ کسی قسم کی ایمرجنسی کے لئے طورخم گیٹ پر ایک ایمبولینس کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاک افغان دوستی اسپتال طورخم، تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال لنڈی کوتل اور جمرود میں بھی ایمرجنسی اسپاٹس ڈکلیئر کیے گئے ہیں۔
طورخم گیٹ پر قرنطینہ کی سہولت بھی موجود ہے جہاں کوئی کیس آنے کی صورت میں مریض کو رکھا جا سکے، طورخم گیٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ضلعی انتظامیہ خیبر ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ خیبر اور محکمہ صحت ایک دوسرے سے مکمل تعاون کر رہے ہیں تاہم ابھی تک کوئی کورونا وائرس کے کیس سامنے نہیں آئے ہیں۔