ایران سے تفتان آنے والے مزید 387 پاکستانی قرنطینہ منتقل

  • March 5, 2020, 1:22 pm
  • Breaking News
  • 303 Views

چاغی: ایران سے تفتان آنے والے مزید 387 زائرین کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی تعداد 2500 سے تجاوز کرگئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تفتان کے مطابق ایران سے گزشتہ روز مزید 387 پاکستانی تفتان بارڈر پہنچے جنہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے جب کہ قرنطینہ میں منتقل کیے گئے پاکستانیوں کی تعداد 2500 سے زائد ہوگئی ہے، 18 سو زائرین کو پاکستان ہاؤس جبکہ 627 زائرین کو میونسپل کمیٹی قرنطینہ میں منتقل کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تمام زائرین کو اسکریننگ اور طبی چیک اپ کے بعد قرنطینہ منتقل کرتے ہیں۔ اے سی تفتان کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین کے 14 دن پورے ہوتے ہی کوئٹہ روانہ کردیا جائے گا جب کہ زائرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے ایدھی کے رضا کار بھی تفتان بارڈر پہنچ گئے ہیں۔