پہلی دفعہ دیکھا کہ خانہ کعبہ کوبند کیا گیا ،چیف جسٹس اطہر من اللہ

  • March 6, 2020, 11:23 am
  • Health News
  • 432 Views

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چین سے طلبہ کی واپسی کی درخوست پروفاقی کابینہ کے اقدامات پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پہلی دفعہ دیکھا کہ خانہ کعبہ کوبند کیا گیا ،صورت حال گھمبیرہے اسی لیے ایسے اقدامات سامنے آرہے ۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق درخواست پرسماعت کی ۔

درخواست گزار والدین نے مؤقف اپنایا کہ ایران سے آنے والے ہزاروں کیلئے کوئٹہ میں الگ جگہ بنا دی گئی ہے ہمارے بچوں کیلئے بھی ایسے اقدامات کردیں، والدین استدعا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ۔

وزارت خارجہ کے نمائندہ نے بتایاکہ آئندہ منگل کو کابینہ کے اجلاس میں اس متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت پہلے تحریری حکم میں لکھ چکی کہ کوئی ڈائریکشن نہیں دے سکتے تاہم مسئلہ حکام بالا تک پہنچنا خوش آئند ہے کیا واپس لانے کی کوئی تاریخ دی جا سکتی ہے؟ ۔

جسٹس اطہر من اللہ نے مزید ریمارکس دیئے کہ پہلی دفعہ دیکھا کہ خانہ کعبہ کوبند کیا گیا صورت حال گھمبیرہے اسی لیے ایسے اقدامات سامنے آرہے ، والدین کے درد کا اندازہ ہے لیکن یہ لارجرایشوہے ۔

وزیرخارجہ حکام نے بتایاکہ معاملہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ٹاپ ایجنڈے میں شامل ہے۔

والدین نے ایک بارواپسی کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریاست غافل نہیں ہے ، وزیر اعظم خود معاملے کودیکھ رہے ہیں ہمیں کچھ صبرکا مظاہرہ کرنا چاہیئےاورریاست پراعتماد کرنا چاہیئے۔

والدین نے وزارت خارجہ کے رویے اورزلفی بخاری کے بیانات کا بھی شکوہ کیا ۔