چیف جسٹس گلزار احمد کی کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری

  • March 16, 2020, 2:32 pm
  • Breaking News
  • 214 Views

اسلام آباد :چیف جسٹس گلزاراحمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری کردیں، جس کے تحت سپریم کورٹ ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری لگانے سے روک دیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے رجسٹرارسپریم کورٹ کو ہدایات جاری کردیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آنے والے سائلین کی سکریننگ کی جائے گی ، سائلین کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری لگانے سے روک دیا گیا اور سپریم کورٹ میں ہاتھ صاف کرنے کیلئے سینی ٹائزر لگا دیئے گئے جبکہ سپریم کورٹ ملازمین میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کا ہدایات نامہ تقسیم کیاجائے گا۔

یاد رہے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ سمیت تمام عدالتوں میں حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا اور تمام ملازمین کوبائیومیٹرک نظام میں چہروں سے شناخت کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا، نوٹی فکیشن کا اطلاق پورے صوبے کی عدالتوں پر ہوگا۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کے بعد ماتحت عدالتوں میں بھی بائیو میٹرک حاضری لگانے سے اسٹاف کو روک دیا گیا تھا اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار کی جانب سے بائیو میٹرک حاضری نہ لگانے کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

جس میں کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تمام ڈسٹرکٹس کورٹ میں عدالتی عملہ پرانی پریکٹس کے مطابق رجسٹر پر حاضری لگائے گا ، رجسٹر پر حاضری عارضی طور پر لگائی جائیں گی۔