کورونا وائرس: نیویارک میں اسکول، تھیٹر اور تمام ریسٹورینٹ بند

  • March 16, 2020, 2:49 pm
  • COVID-19
  • 109 Views

امریکا میں کورونا وائرس کے تیزی سے سامنے آتے کیسز کے بعد نیویارک میں شٹ ڈاؤن کی صورتحال ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست نیویارک میں پیر سے تمام اسکولز، ریسٹورینٹس، بارز، سنیما، نائٹ کلبز اور دیگر مقامات کو فوری طور پر بند کردیا گیا ہے جب کہ ایک اندازے کے مطابق نیویارک میں 27 ہزار ریسٹورینٹ موجود ہیں۔

نیویارک کے میئر بل ڈی بلیسیو کا کہنا تھا کہ شہر میں کورونا وائرس کے شدید خطرے کے پیش نظر یہ اقدامات کیے گئے ہیں اور اس وقت ہمیں جنگی صورتحال کو سوچ کر کام کرنا ہے۔

نیویارک کے میئر نے 16 مارچ سے شہر بھر کے اسکولوں میں ہونے والی کلاسز بھی معطل کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ نیویارک میں ریسٹورینٹس اور کیفیز سے کھانے کی ڈیلیوری کو بھی محدو کردیا گیا ہے۔

80 لاکھ سے زائد آبادی کے حامل نیویارک شہر میں اب تک کورونا وائرس سے 5 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ امریکا بھر میں وائرس سے اب تک 69 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور 3500 سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہیں۔