کرونا سے بچاؤ ، عوامی ریلیف کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

  • March 18, 2020, 1:43 pm
  • COVID-19
  • 214 Views

کراچی : کروناوائرس سےبچاؤ کیلئے سندھ حکومت نے خشک راشن خریدنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر راشن بیگز کی خریداری کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کروناوائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت سندھ نے خشک راشن خریدنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ، پہلے مرحلے میں 60ہزار راشن بیگ خریدے جائیں گے۔

فیصلے کےتحت راشن بیگز پی ڈی ایم اے کےذریعے تقسیم کیےجائیں گے ، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے ہنگامی بنیادوں پر راشن بیگز کی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے 3 دن میں فروخت کنندگان سے راشن بیگز کےلیےکوٹیشن طلب کرلیں ، راشن بیگ میں آٹا ،چاول ،دالیں ،خشک دودھ، کالی مرچ ، لوبیا ،سفید چنا سمیت دیگر پانچ اشیا شامل ہوں گی۔

گذشتہ روز کروناوائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر حکومت سندھ نے لوگوں کو گھروں میں محدود رکھنے کے لئے ریسٹورینٹس، شاپنگ مالز، تفریحی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آج سے پندرہ روز کیلئے ریسٹورینٹس، شاپنگ مالز، تفریحی مقامات بند رہیں گے جبکہ کل سےسرکاری دفاترمیں بھی تالے لگ جائیں گے اور انٹر سٹی بس سروس کا پہیہ بھی آج سے رک جائے گا۔

حکام کے مطابق بڑے ہوٹلز میں ریسٹورنٹس سروس بند ہوگی، وہیں کھانے کا انتطام اور مجمع پر بھی پابندی ہوگی جبکہ آرڈر سے کھانے کی چیزیں منگوائی جا سکتی ہیں جبکہ شہر بھر میں کریانے کی دکانیں، سبزی، پھل اورگوشت کی مارکیٹیں ہر حال میں کھلی رہیں گی۔

حکومت سندھ نےعوام سےاپیل کی ہے افواہوں پرکان نہ دھریں جبکہ کے الیکٹرک کوہدایت دی ہےاس ماحول میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے ملک بھرمیں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد 240 تک جا پہنچی ہے جبکہ سندھ میں متاثرہ مریض 172 ہوگئے ہیں۔