امریکہ کورونا وائرس سے متاثر دنیا کا چھٹا بڑا ملک بن گیا

  • March 22, 2020, 7:00 pm
  • COVID-19
  • 175 Views

امریکا میں نئے نوول کورونا کیسز کی تعداد اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور وہ اس حوالے سے دنیا کا چھٹا سب سے بڑا متاثرہ ملک بن چکا ہے۔اب تک امریکا کی تمام ریاستوں میں 19 ہزار سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 260 اموات ہوچکی ہیں۔ ایک خاندان ایسا ہے جس کے 4 افراد اس وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
ایلزبتھ فیوسو نامی خاتون جس وقت اپنے بڑی بہن کی موت کا غم منارہی تھی تو انہیں ایک اور فون کال میں بتایا گیا کہ بڑے بھائی بھی اس بیماری کے باعث چل بسا ہے۔ <پھر کچھ دن بعد ہسپتال میں ماں کی وفات کے بارے یمیں علم ہوا اور اگلے دن ایک اور بھائی بھی ہلاک ہوگیا۔ریاست نیوجرسی کی اس خاتون کی پہلے بڑی بہن کا انتقال ہوا،، اس کے ایک ہفتے بعد ماں، 2 بھائی بھی دم توڑ گئے۔
مگر معاملہ یہاں رکتا نہیں بلکہ اس خاندان کے مزید 3 افراد اس وقت ہسپتال میں داخل ہیں جبکہ 19 مزید میں اس کی تشخیص ہونا باقی ہے۔اس وقت ہسپتال میں موجود 2 افراد اس وقت لائف سپورٹ پر ہیں جبکہ ایک کی حالت مستحکم ہے۔اور اس خاندان میں وائرس کے پھیلائو کی وجہ سماجی فاصلے کی ہدایات کو نظرانداز کرکے رواں ماہ خاندان کے ایک کھانے کی دعوت کو قرار دیا جارہا ہے۔
ریاست نیوجرسی میں جس پہلے شخص کی ہلاکت اس وائرس سے ہوئی، وہ اس دعوت میں شریک ہوا تھا اور ممکنہ طور پر وائرس کو اس خاندان میں منتقل کردیا۔مختلف تحقیقی رپورٹس میں سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ نئے نوول کورونا وائرس کے 10 فیصد سے زیادہ مریضوں میں یہ مرض ایسے افراد سے منتقل ہوا جو متاثر تو تھے مگر ان میں علامات ظاہر نہیں ہوئی تھی۔یعنی سماجی میل جول کے نتیجے میں ایسے افراد سے صحت مند لوگوں میں وائرس کی منتقلی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بھی عوام پر سماجی میل جول سے گریز کا مشورہ دیا جارہا ہے مگر فی الحال اس پر لوگوں کی جانب سے زیادہ عملدرآمد نہیں ہورہا جس سے کیسز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کے خدشات ظاہر کی جارہے ہیں۔اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 666 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 357، پنجاب کے 137، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 27، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 30 اور ایک آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔اب تک 3 مریض جاں بحق جبکہ 5 صحت یاب ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں وائرس کے باعث 11 ہزار 576 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، اب تک 2 لاکھ 78ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔