وزارتِ مذہبی امور کی کورونا وائرس کی وجہ سے عوام سے شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل

  • March 22, 2020, 7:02 pm
  • COVID-19
  • 148 Views

وزارتِ مذہبی امور نے کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے حکومت کی ہدایات کے مطابق عوام سے شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء سے اس وقت پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اور پاکستان میں رہنے و الے ہر فرد کی سلامتی کا احساس کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس لیے حکومت کی طرف سے ہر قسم کے سیاسی و مذہبی اجتماعات پر پابندی کے پیش نظر انفرادی عبادات پر توجہ دی جائے اور اجتماعات سے اجتناب کیا جائے۔
اس سے قبل متحدہ علماء بورڈ نے بھی تمام لوگوں کو انفرادی عبادت کرنے کی اپیل کی ہے۔ متحدہ علماء بورڈ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا ضیاء الحق نقشبندی، مولانا مفتی محمد صدیق ہزاروی، علامہ عبد الحق مجاہد، پیر نقیب الرحمن، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل حیدری، مولانا عبد الکریم ندیم اور دیگر علماء و مشائخ نے کہا کہ عوام اس وباء سے نجات کیلئے استغفار، درود شریف، آیت کریمہ کا ورد کریں اور گھروں میں قرآن کریم کی تلاوت اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا جائے اور حکومت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے، اسلام خود کو محفوظ رکھنے اور دوسروں کو محفوظ بنانے کا حکم دیتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا صوبے میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان حکومت کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی کورونا سے نمٹنے کیلئے فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا آرڈیننس 2020ء لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، قانون بننے کے بعد حکومت کسی بھی شخص کو سرکاری ہسپتال منتقل کرسکے گی،پنجاب حکومت منگل کو اجلاس میں آرڈیننس کی منظوری دے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کورونا آرڈیننس 2020ء لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ آرڈیننس کی منظوری کے بعد پنجاب حکومت کسی بھی کورونا وائرس کے مشتبہ شخص کو سرکاری ہسپتال منتقل کرسکے گی۔