لوگ منافع خوری چھوڑیں اور اپنی قوم کی مدد کریں،چیئرمین این ڈی ایم اے

  • March 24, 2020, 8:54 pm
  • COVID-19
  • 104 Views

اسلام آباد : چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ لوگ منافع خوری چھوڑیں اور اپنی قوم کی مدد کریں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے سینئر صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کو دیکھتے ہوئے فیصلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں وینٹی لیٹر سمیت دیگر سامان کی خریداری کے لیے گئے، بدقسمتی سے چین کے علاوہ کہیں بھی ہمیں سامان نہیں ملا، چین نے 800 وینٹی لیٹر فوری طور پر دینے کا کہا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ کل چین سے ابتدائی طور پر این 95 ماسک پاکستان آئیں گے، ہمارا اصل کام جمعے سے شروع ہوگا، طبی سامان آنا شروع ہوگا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ڈاکٹرز پروٹیکشن کٹ، 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر سامان چین دے گا۔انہوں نے کہا کہ 28 مارچ کو ایک دن کے لیے ہوسکتا ہے ہم سرحد کھول دیں، 27 مارچ کو ہم چین میں آرڈرز لکھوا دیں گے، 28 مارچ کو سامان آئے گا، پاکستان میں ڈیڑھ ماہ میں6 آرڈر بُک کرائے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ختم ہوگیا تو بہت پیسے آجائیں گے یہ وقت مدد کا ہے، لوگ منافع خوری چھوڑیں اور اپنی قوم کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی امپورٹرز کو کہا ہے ایک دن کے لیے بارڈر کھل رہا ہے، ایک دن کے لیے بارڈر کھلنےکی صورت میں چیزیں منگوا لیں۔