درجنوں زائرین کو ٹرک میں چھپا کر لاہور منتقل کرنے کی کوشش

  • March 25, 2020, 2:09 pm
  • Breaking News
  • 449 Views

ایران سے آنے والے 25 زائرین کو گرفتار کر لیا گیاہے۔زائرین نے خود کو ٹرک میں سامان کے پیچھے چھپایا ہوا تھا۔تفصیلات کے مطابق ایران سے آنے والے ٹرک میں چھپے 25 زائرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایران سے آنے والے زائرین کو ٹرک میں چھپا کر لاہور منتقل کیا جارہا تھا۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق راجن پور کے علاقے میں بنگلہ دھنگن کے قریب پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں نے ٹرک روک کر تلاشی لی تو سامان کے پیچھے 25 زائرین چھپے ہوئے تھے جنہیں گرفتار کرکے تھانا کوٹ مٹھن منتقل کر دیا گیا ہے۔
جب کہ دوسری جانب خیبر پختونخوا میں ایک ہی روزمیں مزید 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ صوبے کے دیگر شہروں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے۔
صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسوں کی تعداد 410 ہوگئی ہے جس میں کراچی کے 143،سکھرکے 265 زائرین اور دیگر اضلاع کے 2افراد شامل ہیں جبکہ کورونا کے مقامی کیسز کی تعداد 91 ہوگئی ہے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے لیبر کالونی سکھر میں واقع 640 زائرین جن کے کورونا وائرس کے نتائج منفی آئے تھے انہیں ان کے گھروں پر واپس جانے کی اجازت دے دی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر سکھر کی ٹیم کے پاس زائرین کے موبائل نمبر اور پتے موجود ہوں گے اور وہ ان کی صحت سے متعلق تفتیش کر کے اگلے 10 دنوں تک باخبر رکھیں گے ۔