جاں بحق ہونے والے کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کو خفیہ طور پر دفنانے کی کوشش میں پیپلز پارٹی رہنما گرفتار

  • March 26, 2020, 12:33 pm
  • COVID-19
  • 257 Views

جاں بحق ہونے والے کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کو خفیہ طور پر دفنانے کی کوشش میں پیپلز پارٹی رہنما گرفتار، راولپنڈی میں پولیس نے جنازے پر چھاپہ مار کر سلیم چیمہ اور 25 دیگر افراد کو گرفتار کر لیا، تمام افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دیگر صوبوں کی طرح پنجاب بھر میں لاک ڈاون کیا جا چکا ہے۔
صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت کسی بھی جگہ 5 سے زائد افراد اکٹھے نہیں ہو سکتے۔ تاہم اس پابندی کے باوجود راولپنڈی میں ایک نماز جنازے میں 25 افراد شریک ہوئے۔ پولیس نے نماز جنازہ پر چھاپہ مار کر تمام افراد کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر جس شخص کی نماز جنازہ تھی، وہ بھی کرونا وائرس کا مشتبہ مریض تھا۔
جبکہ خفیہ طور پر اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں پولیس نے پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم چیمہ کو گرفتار کر لیا۔

نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے دیگر تمام لوگوں کو بھی گرفتار کر کے قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بھی اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جبکہ پاکستان میں کرونا کے مشتبہ کیسزکی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ان حالات میں ملک بھر میں لاک ڈاون کی صورتحال ہے، جبکہ فوج بھی تعینات کی جا چکی ہے۔ تاہم اس کے باوجود لوگوں کی جانب سے لاک ڈاون کی پابندی کی خلاف ورزی کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد کرفیو کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے۔