کورونا وائرس، ڈالر مزید مہنگا ہو گیا ، پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

  • March 26, 2020, 12:41 pm
  • Business News
  • 142 Views

پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم اب اس کے واضح اثرات پاکستان معیشت پر بھی دکھائی دے رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر آج پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے ، انٹر بینک میں آج کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد ڈالر 165 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے ۔انٹر بینک میں گزشتہ تین روز کے دوران ڈالر 6 روپے 33 پیسے مہنگا ہو چکا ہے ، ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے کے بعد پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں 600 ارب روپے اضافہ بھی ہو گیاہے ۔ماہرین کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے شرح سود میں کمی اور کورونا وائرس کے باعث سرمایہ دار پاکستان میں سے اپنا پیسہ آہستہ آہستہ نکال رہے ہیں جس کے باعث ڈالر مہنگا ہو رہاہے ۔

دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی ہے ، سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو انڈیکس 27 ہزار 228کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد اس میں بہتری آنا شروع ہوئی اور 100 انڈیکس میں 458 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد انڈیکس 27 ہزار 687 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاہے ۔ ماہرین کا کہناہے کہ معاشی پیکج اور شرح سود میں کمی کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں جس کے باعث آج پورے دن میں ہی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی توقع کی جارہی ہے ۔