کورونا وائرس کے اثرات؛ گندم کی قیمت میں اچانک 1000روپے کا اضافہ

  • March 26, 2020, 9:54 pm
  • COVID-19
  • 107 Views

بھکر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جزوی لاک ڈاؤن کے باعث گندم کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔

کورونا وائرس کے باعث صوبہ پنجاب کے ضلع بھکر میں جزوی طور پر لاک ڈاؤن ہے۔ تاہم لاک ڈاؤن کے باعث ذخیرہ اندوزوں کی ملی بھگت کے باعث گندم مارکیٹ سےغائب ہوگئی جب کہ گندم کی 100 کلوگرام کی بوری میں اچانک 1000 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قیمت میں اضافے کے بعد 3700 روپے والی 100 کلوگرام کی گندم کی بوری کی قیمت 4700 روپے ہوگئی۔ اس کے علاوہ سبسڈی والا آٹا بھی مارکیٹ سے غائب ہے جس کے باعث شہری سخت مشکلات کا شکارہیں۔ سرکاری آٹے کے 20 کلو گرام کے 3240 تھیلے مارکیٹ میں عوام کے نام پرآرہے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈیلرز سرکاری آٹے کی تقسیم میں میرٹ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، چکی مالکان نے آٹے کا ریٹ 10 روپے بڑھا کر 54 روپے فی کلو کردیا۔ مارکیٹ سے آٹا نہیں مل رہا لہذٰا چکی سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹا بنیادی ضرورت ہے، قلت کا فوری نوٹس لیا جائے۔ جب کہ چکی مالکان کاکہنا ہے کہ گندم بلیک میں خرید رہے ہیں اس لئے آٹے کا ریٹ بڑھا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر بھکر آصف فرخ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، دریاخان سے ذخیرہ کیے گئے 50 کلوگرام کے 160 تھیلے گندم برآمد کیے گئے ہیں، شہریوں کو وافر آٹا کنٹرول ریٹ پر فراہم کرنے کے لئے متحرک ہیں۔