شوکت خانم اسپتال میں ایک وینٹی لیٹر کو 4 افراد کے لیے استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ

  • March 27, 2020, 1:47 pm
  • COVID-19
  • 133 Views

شوکت خانم اسپتال میں ایک وینٹی لیٹر کو 4 افراد کے لئے استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث خراب صورتحال اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وینٹی لیٹر کی شدید کمی محسوس کی جارہی تھی تاہم اب ایک وینٹی لیٹر کو چار مریضوں کے لئے استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔
یہ تجربہ لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں کیا گیا ہے۔تجربہ موجودہ صورتحال میں وینٹی لیٹرز کی کمی کے تحت کیا گیا۔اسپتال میں 16 وینٹی لیٹرز ہیں جو کہ 64 افراد کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔قبل ازیں ادویات بنانے والی انٹر نیشنل کمپنی ڈی واٹسن نے وینٹی لیٹر کا عطیہ دیا ہے۔ پاکستان میں ڈی واٹسن فارمیسی کے چیف ایگزیکٹو احسن ظفر بختاوری کی جانب سے ایک عدد وینٹی لیٹر عطیہ کیا گیا ہے جو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے حوالے کیا گیا،یہ وینٹی لیٹر پولی کلینک ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے رکھا جائے گا۔
اس موقع پر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی تمام صلاحیتوں اور خدمات کے ساتھ حکومت خصوصا ’’طبی میدان میں سرگرم عمل عملے کے ساتھ کھڑے ہیں ہم اور ہمارا سٹاف رات دن کرونا وائرس کے خلاف خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ہماری یہ جدوجہد کورونا وائرس کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ہم عوام کے لئے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہیں،جب کہ دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کہ اس ٹیسٹ کی قیمت 7900 روپے ہے۔
پنجاب میں سامنے آنے والے تمام کیسز نے بیرون ملک کا سفر کیا ہوا ہے۔ پنجاب حکومت بالکل مفت ٹیسٹ کررہی ہے۔ ہم نے اپنی کٹس شوکت خانم ہسپتال کو دی ہوئی ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال مفت ٹیسٹ کررہا ہے۔پنجاب حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔