وہ 9 ممالک جہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا

  • March 31, 2020, 9:00 pm
  • COVID-19
  • 179 Views

وہ 9 ممالک جہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، افریقہ کے 8 ممالک اور شمالی کوریا میں کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہوا، دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد 7 لاکھ سے زائد، 34 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق 100 سال کے دوران پہلی عالمی وبا کرونا وائرس تقریباً دنیا کے بیشتر ممالک کو متاثر کر چکی ہے۔
تاہم شمالی کوریا سمیت دنیا کے 9 ممالک ایسے ہیں جہاں سے کرونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا سمیت افریقہ کے 8 ممالک کےحکام دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے ملک میں اب تک کرونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ جن افریقی ممالک سے کرونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ان میں سرا لیون، برونڈی، ملاوی، جنوبی سوڈان، ساو تومے، بوٹسوانا، کوموروس اور لیسوتھو شامل ہیں۔
اس حوالے سے کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تو واقعی یہ دعویٰ حقیقت ہے، تو اس کی بڑی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ یہ ممالک پوری دنیا سے کٹے ہوئے ہیں۔ یہ ممالک بہت غریب ہیں اور بین الاقوامی دنیا کیساتھ زیادہ آمد و رفت نہیں کرتے، شاید اسی لیے وہاں کرونا وائرس نہیں پھیلا۔ جبکہ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ دراصل ان ممالک کے پاس کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے سہولیات ہی نہیں ہیں، اسی لیے یہاں کسی کیس کی نشاندہی نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ جہاں دنیا بھر میں تیزی سے کورونا کے مریض سامنے آ رہے ہیں، وہیں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور مرنے والے افرد کی تعداد 34 ہزار کے قریب پہنچ چکی تھی۔کورونا وائرس کے براہ راست اعداد و شمار دینے والے آن لائن میپ کے مطابق 30 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 33 ہزار 997 ہوچکی تھیں، جن میں سے صرف 2 ممالک اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 17 ہزار سے زائد تھی۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ا?ئی۔سول پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز اٹلی میں 756 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد کل تعداد 10 ہزار 779 ہوگئی ہے جو دنیا بھر میں وائرس سے ہونے والی کل ہلاکتوں کا ایک تہائی حصہ ہیں۔اٹلی میں اگرچہ اب نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی رفتار کچھ سست ہوچکی ہے تاہم اب بھی وہاں ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، جس وجہ سے اٹلی بھر میں خوف پھیلا ہوا ہے۔
اٹلی میں حیران کن طور پر دیگر ممالک سے زیادہ ہلاکتیں ہونے پر ماہرین صحت بھی پریشان ہیں جب کہ اٹلی کے حکام نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اب تک سامنے آنے والے کورونا کے مریض وہ ہیں جن کے شک کے بنیاد پر ٹیسٹ کیے گئے تھے۔حکام کے مطابق تاحال اٹلی میں عام افراد کے ٹیسٹ نہیں کیے جا رہے بلکہ ان علاقوں میں لوگوں کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جہاں سے پہلے ہی کیس سامنے آ چکے ہیں۔اٹلی میں ہفتے کے روز اتوار سے 133 زائد، 889 ہلاکتیں ہوئی تھیں جبکہ جمعے کے روز یہ تعداد 919 تھی۔