کراچی میں کرونا سے مرنے والوں کے لیے نیا قبرستان بن گیا

  • April 2, 2020, 12:22 pm
  • COVID-19
  • 90 Views

کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے لیے نیا قبرستان بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک نیا قبرستان بنایا گیا ہے جہاں کرونا سے مرنے والے شہریوں کو دفنایا جائے گا، یہ قبرستان 80 ایکڑ پر محیط ہے، جہاں پہلے شخص کی تدفین بھی کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے 5 قبرستان مختص کیے گئے تھے، جن میں محمد شاہ، مواچھ گوٹھ، کورنگی، اورنگی ٹاؤن گلشن ضیا اور سرجانی کے قبرستان شامل تھے۔

گورکنوں کے حفاظتی لباس کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس پر پی ڈی ایم اے سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ادھر محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ 34 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سندھ بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

چین سے پھیلنے والے جان لیوا وائرس کو وِڈ نائنٹین سے متاثرہ افراد کی تعداد میں سندھ بھر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ کراچی میں مزید 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، حیدر آباد میں 9، شہید بے نظیر آباد میں 6 اور جامشورو میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر سندھ بھر میں 743 لوگ کرونا وائرس کا شکار ہیں۔