وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج پھر، اہم فیصلے متوقع

  • April 2, 2020, 12:24 pm
  • COVID-19
  • 104 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا ، جس میں انٹرنیشنل بارڈر کو تجارتی امور کیلئے کھولنے سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کااجلاس آج پھرطلب کرلیا، اجلاس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری حکام شریک ہوں گے جبکہ وفاقی وزرا اورچیئرمین این ڈی ایم اے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کورونا سےنمٹنےکےلئےاقدامات کاتفصیلی جائزہ لیاجائےگا اور انٹرنیشنل بارڈر کو تجارتی امور کیلئے کھولنے سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مستحق افرادکوراشن پہنچانےکےلیےاقدامات اور تعمیراتی صنعت،فوڈفیکٹریز،دوائیں بنانے والے ادارے فوری کھولنے سے متعلق غور ہوگا

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اےٹیسٹنگ کٹس، دیگرآلات کی درآمد پرکمیٹی کوبریفنگ دیں گے۔

گذشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھرمیں لاک ڈاؤن چودہ اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ لاک ڈاون میں نرمی سے متعلق مشاورت پانچ اپریل کے بعد ہو گی۔

بعد ازاں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلوں کے بارے میں اسد عمر، ڈاکٹر ظفر مرزا اور معید یوسف نے میڈیا کو اہم بریفنگ دی تھی ، اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں لاک ڈاؤن کی بندشیں 14 اپریل تک جاری رہیں گی۔ تاہم کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی دکانیں کھلی رکھنا بہت ضروری ہے۔ تمام صوبے اس فیصلے پرعملدرآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والوں کی وجہ سے ملک میں کورونا وائرس آیا، ہم نے کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مزید 2 ہفتے تک بندشیں جاری رکھی جائیں گی۔