سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق

  • April 2, 2020, 2:53 pm
  • COVID-19
  • 151 Views

کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 31 افراد کی اموات ہوچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس سے ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق مریض کی عمر 65 سال تھی اور اس کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے تھا، مریض کو 28 مارچ کو حیدر آباد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2200 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک 31 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں 76 نئے کیس رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 845 کیسز ہیں جبکہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 743 ہوگئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخواہ میں 276، گلگت بلتستان میں 187، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 62 اور آزاد کشمیر میں 9 کیسز ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے 107 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔