مستحقین کی مالی مدد کا آغاز بھی جلد ہوگا: وزیراعلیٰ بلوچستان

  • April 4, 2020, 11:59 pm
  • National News
  • 137 Views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مستحقین کو راشن کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے، جلد مالی مدد بھی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جام کمال نے ٹوئٹ کیا کہ راشن فراہمی کے پہلے فیز میں1لاکھ 50ہزار خاندان مستفید ہوں گے، تعمیرات اور دیگر شعبوں کے لیے سروسز اور دیگر ٹیکسوں کی چھوٹ دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی اور دیگر پروگرامز سے مستحقین کی مالی مدد کا آغاز جلد ہوگا۔

خیال رہے کہ محکمہ صحت اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 161 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 اموات ہوئیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2708 تک پہنچ گئی ہے، سب سےزیادہ کیسز پنجاب میں ہیں جہاں 1072 مصدقہ کیسز ہیں، سندھ میں 839، خیبرپختونخواہ میں 343، بلوچستان 175، گلگت بلتستان 193، اسلام آباد 75، آزاد کشمیر میں اب تک 11 کیسز رپورٹ جبکہ ملک بھر میں 130 مریض صحت یاب بھی ہوئے۔