بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کردی

  • April 7, 2020, 1:59 pm
  • National News
  • 336 Views

کوئٹہ: بلوچستان حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں 21 اپریل تک توسیع کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن میں 2 ہفتوں کی توسیع کرکے اسے 21 اپریل تک بڑھایا جائے گا جبکہ کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کرکے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اجلاس میں کرونا وائرس کے منفی اثرات کے تناظر میں مختلف صوبائی ٹیکسوں پر چھوٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق 30 جون 2020 تک تعمیرات، ٹرانسپورٹ کے لیے سیلز ٹیکس، 30 جون تک ہوٹل کے شعبوں پر بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز کی چھوٹ کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح معدنی پیداوار پر رائلٹی رینٹ اور فیس میں اضافے کے نوٹیفکیشن اور بلوچستان الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی کی معطلی کی منظوری دی گئی۔